گاندھی ہاسپٹل سے متعلق کے ٹی آر کے الزامات مسترد: دامودھر راج نرسمہا
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے سرکاری دواخانوں کے خلاف بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کی مہم پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ گاندھی ہاسپٹل کے بارے میں سوشیل میڈیا میں کے ٹی آر کے ٹوئیٹ پر افسوسناک قرار دیتے ہوئے دامودھر راج نرسمہا نے کے ٹی آر کو انتباہ دیا کہ وہ گاندھی ہاسپٹل کی نیک نامی متاثر کرنے کی کوشش نہ کریں۔ علاج کیلئے پہنچنے والے ہزاروں غریب خاندانوں کے حوصلوں کو پست کرنے کی کوشش سے گریز کا مشورہ دیا۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کارپوریٹ اور خانگی ہاسپٹلس کی حوصلہ افزائی کی گئی اور سرکاری دواخانوں کو بری طرح نظر انداز کردیا گیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے عثمانیہ اور گاندھی جیسے مشہور دواخانوں کو تباہی سے دوچار کردیا اور انہیں نقصان پہنچایا گیا۔ اب جبکہ کانگریس حکومت نے دونوں دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی ہیں بی آر ایس قائدین کو برداشت نہیں ہورہا ہے اور اپنے بیانات کے ذریعہ دونوں ہاسپٹلس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ بسااوقات انتہائی نازک حالت میں مریضوں کو گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کیا جاتا ہے اور ڈاکٹرس جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے معاملہ میں سرکاری دواخانوں کی صورتحال میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں انفراسٹراکچر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور حکومت نے بجٹ مختص کیا ہے۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ ان کی پیدائش خود گاندھی ہاسپٹل میں ہوئی ہے اور میں ہاسپٹل کی بہتری کیلئے ہرممکن مساعی کررہا ہوں۔ انہوں نے ہاسپٹل سے متعلق کے ٹی آر کے الزامات کو مسترد کردیا۔1