کانگریس ریالی میں مودی پر منفی تبصروں پر برہمی

   

راہول اور کھرگے سے پارلیمنٹ میں معافی مانگنے کرن رجیجو کا مطالبہ
نئی دہلی۔15؍ڈسمبر ( ایجنسیز ) بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی ووٹ چور‘گدی چھوڑ ریالی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی قبر کھودنے سے متعلق ایک خاتون لیڈر کے ریمارک پر سخت اعتراض کیا ہے۔ پارلیمانی اُمور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے پیر کو ایک پریس کانفرنس کی اور کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے اس تبصرہ کیلئے پارلیمنٹ کے فلور پر ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ہم ملک کیلئے کام کر رہے ہیںاور یہ انتہائی بدقسمتی اور افسوسناک ہے کہ کانگریس کارکنوں نے کھلے عام اعلان کیا کہ وہ وزیر اعظم مودی کی قبر کھودیں گے۔ رجیجو نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے کارکن اور لیڈر سیاسی حریف ہیں دشمن نہیں۔مرکزی وزیر نے 2014 کے ایک واقعہ کو بھی یاد کیا جب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نرنجن جیوتی نے اپوزیشن کے بارے میں کچھ منفی تبصرہ کیا تھا۔ وزیر اعظم نے اُنہیں فوری طور پر معافی مانگنے کو کہا تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی۔این ڈی اے نے کبھی کسی کو یا کسی کے والدین کو مارنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ اگر کوئی بیمار ہوتا ہے، سالگرہ پر یا ایسے موقعوں پر، ہم ایک دوسرے کو نیک خواہشات دیتے ہیں۔رجیجو نے کہا کہ ہم تمام مسائل پر بات کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔ پارلیمنٹ سے بھاگنا اور وزیر اعظم کو گالی دینا مہذب معاشرے کیلئے موزوں نہیں ہے۔