کانگریس کے سینئر رہنما ملکارجن کھڑگے نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ کھڑگے نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب انہوں نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر کے عہدے کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ 80 سالہ لیڈر نے اپنا استعفیٰ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو بھیج دیا ہے۔ انہوں نے یہ قدم مئی میں ادے پور میں منعقد ‘چنتن شیویر’ میں طے شدہ ‘ایک شخص ایک عہدہ’ کے اصول کے مطابق اٹھایا ہے ذرائع نے بتایا کہ ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کی رات اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق ایسا مانا جا رہا ہے کہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کی دوڑ میں سینئر لیڈر پی چدمبرم اور ڈگ وجے سنگھ سب سے آگے ہیں اہم بات یہ ہے کہ جمعہ کو یہ واضح ہو گیا کہ کانگریس صدر کے عہدہ کے لیے اصل مقابلہ ملکارجن کھڑگے اور ششی تھرور کے درمیان ہوگا۔ کھڑگے کرناٹک سے تعلق رکھنے والے دلت لیڈر ہیں اور اس عہدے کے مضبوط دعویدار کے طور پر ابھرے ہیں۔ کانگریس صدر کے عہدے کے تیسرے دعویدار کے این ترپاٹھی ہیں، جو جھارکھنڈ کے سابق وزیر رہ چکے ہیں۔ تاہم انہیں اس الیکشن میں کمزور امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔