کانگریس قائدین کی نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات

   

حضور آباد چناؤ منسوخ کرنے کی اپیل، چیف الیکٹوریل آفیسرس سے علحدہ نمائندگی
حیدرآباد۔28 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے حضور آباد ضمنی چناؤ کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے کانگریس قائدین کو تیقن دیا کہ وہ انتخابی مہم اور رائے دہی سے قبل مبینہ بدعنوانیوں کی جانچ کرتے ہوئے ضروری کارروائی کریں گے ۔ اے آئی سی سی کے ترجمان ڈاکٹر شراون ، سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی، کسم کمار اور ایچ وینو گوپال نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دفتر میں ملاقات کی اور یادداشت حوالے کی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ برسر اقتدار ٹی آر ایس اور بی جے پی نے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے اور رائے دہندوں میں بھاری رقومات تقسیم کی گئیں۔ ایک ووٹ کے لئے 6 تا 10 ہزار روپئے حوالے کئے گئے اور اس سلسلہ میں ثبوت موجود ہے۔ کانگریس وفد نے بتایا کہ رائے دہندوں کو مختلف انداز میں لالچ دیتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دن میں دیڑھ لاکھ رائے دہندوں میں 90 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے عہدیدار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ کانگریس قائدین نے 7 صفحات پر مشتمل اپنی یادداشت میں مختلف اخبارات کے تراشے اور سوشیل میڈیا میں وائرل ویڈیوز حوالے کئے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے تمام شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے دولت ، شراب اور نظم و نسق کا استعمال کرتے ہوئے رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر ششانگ گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے حضور آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر یادداشت حوالے کی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو رائے دہی کی نگرانی کیلئے خصوصی مبصر کو روانہ کرنا چاہئے کیونکہ مقامی حکام دولت اور شراب کی تقسیم کو روکنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح 3.00 بجے سے گھر گھر پہنچ کر 6 تا 10 ہزار روپئے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے بارہا توجہ دہانی کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائیف نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس پلینری سیشن میں الیکشن کمیشن کو وارننگ دی ، باوجود اس کے کہ کمیشن خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ر