کانگریس پارٹی امیدوار پر حملہ و بدامنی پیدا کرنے کی کوشش

   

مجلس کے کارپوریٹر اور حامیوں کیخلاف مقدمہ، 4 افراد گرفتار و دیگر 4 مفرور

حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) ایوبی مسجد کے قریب کانگریس پارٹی امیدوار پر حملہ کرتے ہوئے بدامنی پیدا کرنے کے الزام میں پولیس نے مجلسی کارپوریٹر اور ان کے حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مادناپیٹ پولیس نے حملہ کرتے ہوئے فرضی شکایت درج کروانے کے الزام میں بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مادنا پیٹ پولیس نے آج اس سلسلہ میں 4 افراد کو گرفتار کرکے انہیں نوٹس جاری کی اور مزید 4 افراد کو تلاش کررہی ہے۔ مادناپیٹ پولیس نے 32 سالہ نظام الدین ساکن مادناپیٹ، 40 سالہ ایم اے سلام شاہد کارپوریٹر چھاونی ڈیویژن ساکن چنچلگوڑہ، 44 سالہ محمد جہانگیر ساکن چنچلگوڑہ اور 50 سالہ عامر محمد ساکن مادناپیٹ کو گرفتار کرلیا اور انہیں نوٹس جاری کردی جبکہ اس سلسلہ میں پولیس نے 4 افراد یابا، امجد، رفیق اور اعظم کو مفرور بتایا ہے۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے کانگریس پارٹی امیدوار شیخ اکبر کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کی۔ ایوبی مسجد باغ جہاں آراء کے قریب مجلسی کارپوریٹر اپنے حامیوں کے ساتھ بدامنی پھیلاتے ہوئے شکایت گذار پر حملہ کیا اور ان کے خلاف فرضی شکایت کرتے ہوئے بے بنیاد الزامات لگائے اور علاقہ میں ان کی سرگرمی سے الجھن اور بدامنی پیدا ہوگئی تھی۔ مادنا پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ع