بھوپال، 24 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) شہریت (ترمیمی)ایکٹ (سی اے اے 2019) کی مخالفت میں کل مدھیہ پردیش کے دار الحکومت بھوپال میں وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کی قیادت میں کانگریس کی ‘آئین بچاؤ امن و انصاف مارچ’ نکالی جائے گی جس میں کانگریس سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کے عہدیداران شامل ہوں گے ۔ کانگریس کی جانب سے آج یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں ریاستی کانگریس اورتنظیم کے انچارج چندر پربھاش شیکھر نے بتایا کہ مجوزہ ‘آئین بچاؤ امن و انصاف مارچ ‘وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کی قیادت میں کل دوپہر 12 بجے بھوپال کے رنگ محل چوراہے سے شروع ہوکر منٹو حال تک پیدل مارچ کرکے گاندھی کے مجسمے کے سامنے ختم ہوگی۔ مارچ کے دوران نظم و نسق کی ذمہ داری کانگریس سیوادل کودی گئی ہے ، وہیں مقامی اور قرب و جوار اضلاع کے کانگریس ضلع صدور اور عہدیداران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ بڑی تعداد میں اس مارچ میں شریک ہوں۔