کانگریس کارکن مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے تیار ہوجائیں

   

اتم کمار ریڈی کا مشورہ ، جنوری یا فروری میں پنچایت راج انتخابات
حیدرآباد ۔29۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں۔ سوریا پیٹ ضلع میں 30 کروڑ روپئے سے سڑکوں کی تعمیر کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تکمیل کے بعد پنچایت راج اداروں کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ مجالس مقامی میں بی سی طبقات کے تحفظات طئے کرنے کیلئے سروے رپورٹ کی مدد لی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے کاموں کو عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ جس طرح اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کارکنوں نے جدوجہد کی تھی ، اسی طرح مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوری اور فروری میں تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی اسکیم کی جلد تکمیل کی جائے گی اور جو کسان قرض معافی سے محروم رہے ، انہیں اسکیم کے تحت شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کا عنقریب آغاز ہوگا جس کے تحت کسانوں کو فی ایکر 7000 روپئے کی امداد دی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کوداڑ اور حضور نگر اسمبلی حلقہ جات میں مجالس مقامی کی تمام نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تیقن دیا کہ انتخابات میں محنت کرنے والوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اہم عہدوں پر فائز کیا جائے گا ۔ 1