کانگریس کا سپاہی، اندرا گاندھی خاندان کا وفادار ہوں۔ ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں راجیہ سبھا کے انتخابات دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ ریاست سے دو نشستوں کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات میں کانگریس قائدین کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ دہلی میں سرگرم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان سے انہیں مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی میں ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں موقع دینے کی بات کہی ہے۔ ہنمنت راؤ نے یاد دلایا کہ وقارآباد میں منعقدہ ڈی سی سی ٹریننگ پروگرام کے دوران چیف منسٹر اور میناکشی نٹراجن نے واضح کیا تھاکہ پارٹی میں کام کرنے والوں کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل پارٹی میں کام کرتے آئے ہیں اور کبھی بھی کوئی عہدہ طلب نہیں کیا بلکہ قیادت خود ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں آگے لانا چاہتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ان کے خلاف سب سے زیادہ مقدمات درج ہوئے مگر وہ کبھی خوفزدہ نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ میں کانگریس کا سپاہی اور اندرا گاندھی خاندان کا وفادار ہوں۔ پارٹی ہائی کمان تلنگانہ کانگریس قیادت اور چیف منسٹر پر انہیں بھرپور اعتماد ہے۔ وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی، کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے سے ملاقات کرچکے ہیں اور سونیا گاندھی کو بھی مکتوب روانہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار ایک بی سی طبقے سے تعلق رکھنے والے ایسے کارکن کو موقع دیا جائے گا جس نے گزشتہ 10 برسوں میں کوئی عہدہ حاصل نہیں کیا۔2