حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) ریاست کے 7 میونسپل کارپوریشنس اور 116 بلدیات میں میئر ، ڈپٹی میئر ، چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات منعقد ہوئے۔ حکمراں کانگریس جماعت نے 5 میونسپل کارپوریشن اور 84 بلدیات پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی برتری جاری رکھی جبکہ مزید 11 بلدیات کے چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات منگل تک ملتوی کردئے گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 میونسپل کارپوریشن میں 5 میئر کے عہدوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ ایک کارپوریشن پر سی پی آئی اور ایک کارپوریشن پر بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ 105 بلدیات میں کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 84 بلدیات پر اپنا قبضہ جمالیا ہے ۔ بی آر ایس نے 17 بلدیات میں کامیابی حاصل کی جبکہ بی جے پی صرف ایک بلدیہ پر درج کرسکی۔ تین بلدیات پر آزاد امیدوار چیرمین منتخب ہوئے۔ واضح رہے کہ 11 فروری کو ریاست کی مجموعی طور پر 116 میونسپلٹیز کے لئے انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ نتائج کے اعلان کے وقت مختلف سیاسی جماعتوں نے 90 نشستوں پر واضح اکثریت حاصل کی جبکہ 36 بلدیات میں معلق صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق بلدیات میں مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان اتحاد اور باہمی حمایت کے ذریعہ چیر پرسن کا انتخاب عمل میں آیا۔ کانگریس کی کامیابی سے یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ ریاست کی سیاست میں کانگریس کا موقف کافی مضبوط اور طاقتور ہوگیا ہے۔ تاہم چند مقامات پر معلق صورتحال اور اتحاد کی سیاست آئندہ دنوں میں مزید سیاسی سرگرمیوں کا سبب بن سکتی ہے۔2