کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کے طور پر تیسرے محاذ کی سرگرمیاں

   

بھٹی وکرامارکا کا کھمم میں عوامی مارچ جاری، وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ کھمم میں ان کا عوامی مارچ انتخابات کیلئے نہیں بلکہ عوامی مسائل اجاگر کرنے کیلئے ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے ضلع میں پیوپلز مارچ کے عنوان سے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں پدیاترا کا آغاز کیا ہے جو آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرانے اور مسائل کی یکسوئی کیلئے عہدیداروں پر دباؤ بنانے کیلئے یاترا شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے کہ انتخابات کے پیش نظر یاترا شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے تمام انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ عوامی مسائل پیش کرنے کیلئے اسمبلی میں اپوزیشن کو اجازت نہیں ہے۔ حکومت سے سوال کرنے پر مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت کا مطالبہ کرنے پر کسانوں کو بیڑیاں پہنائی گئیں۔ ریاست کا کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں جو کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش کن وعدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے میں نریندر مودی اور کے سی آر ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید میچ فکسنگ کا حصہ ہے۔ ٹی آر ایس نے گزشتہ 8 برسوں میں مرکز کے ہر فیصلہ کی تائید کی لیکن تلنگانہ میں کانگریس کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر اختلاف کا ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے محاذ کا مقصد دراصل قومی سطح پر بی جے پی کی مدد کرنا ہے۔ کانگریس کی حلیف جماعتوں سے ربط قائم کرتے ہوئے یو پی اے کو توڑنے کی سازش ہے لیکن کے سی آر کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ر