کانگریس کو 80 سے ایک بھی نشست کم ملنے پر کے سی آر کی سزا بھگتنے تیار

   

ریونت ریڈی کا اعلان، جھوٹ اور دھوکہ دہی میں کے سی آر کا کوئی ثانی نہیں، 5 اسمبلی حلقہ جات میں عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس80 سے زائد نشستوں کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی اور اگر کانگریس کو 80 سے ایک سیٹ بھی کم ملتی ہے تو وہ کے سی آر کی کسی بھی سزا کو بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ کانگریس کی انتخابی مہم کے ضمن میں ریونت ریڈی نے آج5 اسمبلی حلقہ جات نظام آباد ( رورل)، نارائن کھیڑ ، گجویل، کوکٹ پلی اور شیر لنگم پلی میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کانگریس کو 20 سے کم نشستیں حاصل ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں۔ وہ نظام آباد کی سرزمین کو گواہ بناتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ اگر 80 سے ایک نشست بھی کانگریس کو کم ملتی ہے تو وہ کے سی آر کی کسی بھی سزا کو بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جھوٹ کہہ کر عوام کو دھوکہ دینے میں کے سی آر کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے۔ کے سی آر جھوٹ اور دھوکہ کی بنیاد پر گذشتہ 10 برسوں سے حکومت کررہے ہیں۔ عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی۔ ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں زبردست لہر ہے اور کوئی بھی طاقت اس لہر کو روک نہیں پائے گی۔ آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کے سی آر کو چیلنج کیا کہ کانگریس پارٹی سری رام ساگر پراجکٹ کے نام پر عوام سے ووٹ مانگے گی اور کے سی آر کالیشورم اور میڈی گڈہ کے نام پر عوام سے ووٹ مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں زمینداروں، دھوکہ بازوں اور بدعنوانیوں میں ملوث افراد کی حکومت کے خاتمہ کا وقت آچکا ہے۔ 9 ڈسمبر کو ریاست میں اندراماں راج قائم ہوگا اور کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے سماج کے تمام طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ اضلاع کے دورہ کے موقع پر ہر ضلع سے کئی وعدے کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر کے بعد ریاست میں ترقی اور خوشحالی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے زوال کیلئے صرف 15 دن باقی ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس وعدوں پر عمل آوری میں یقین رکھتی ہے اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل اس کا اہم ثبوت ہے۔ انہوں نے گجویل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ کے سی آر کو شکست سے دوچار کریں جنہوں نے غریبوں کی اراضیات ہڑپ کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حلقہ جات گجویل اور کاماریڈی سے کے سی آر کی شکست یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجویل میں کسانوں اور غریبوں کی اراضیات کو ترقی کے نام پر چھین لیا گیا ہے۔ کاماریڈی میں ماسٹر پلان کے ذریعہ اراضیات جبراً حاصل کرنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو 9 ڈسمبر کے بعد فارم ہاوز میں آرام کرنا ہوگا۔