کانگریس کیساتھ کچھ سیٹوں پر اتفاق باقی :این سی

,

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کی 90 اسمبلی نشستوں میں سے بیشتر سیٹوں پر کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد کیا گیا ہے تاہم ابھی کچھ سیٹوں پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے ۔ بتادیں کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر کی تمام 90 سیٹوں کے لئے کانگریس کے ساتھ قبل از انتخابات گٹھ جوڑ کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔انہوں نے یہ اعلان لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ کے بعد میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ عمر عبداللہ نے اس سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 90 سیٹیں ہیں ان میں سے زیادہ تر سیٹوں پر کانگریس کے ساتھ گٹھ جوڑ ہوا ہے تاہم ابھی کچھ سیٹیں ہیں جن پر اتفاق رائے نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیٹوں پر ہم اڑے ہوئے ہیں اور کچھ سیٹوں پر کانگریس کے مقامی لیڈر اڑے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پھر بیٹھیں گے اور ان سیٹوں کو بھی الائنس کے دائرے میں لایا جائے گا۔ کولگام میں نیشنل کانفرنس اور سی پی ایم اتحاد کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہاکہ اس طرح کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے یہ باتیں جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں میڈیا کے ساتھ کیں جہاں وہ پارٹی لیڈر سکینہ یتو کے ہمراہ تھے جنہوں نے دمہال ہانجی پورہ اسمبلی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔