کھرگے، راہول اور پرینکا کی شرکت، قائدین میں اتحاد اور انتخابی منشور اہم ایجنڈہ، سنیل کونگولو کی رپورٹ کا جائزہ
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس نے تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کا عملاً آغاز کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر قائدین کو دہلی طلب کیا ہے تاکہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں اختلافات ختم کرتے ہوئے متحدہ مقابلہ کو یقینی بنایا جائے۔ تلنگانہ کے علاوہ چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے اہم کانگریس قائدین کو بھی نئی دہلی طلب کیا گیا تھا اور تین ریاستوں کے قائدین سے ہائی کمان کی ملاقات مکمل ہوگئی جبکہ تلنگانہ قائدین سے ملاقات باقی ہے۔ توقع ہے کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ اجلاس ہوگا۔ راہول گاندھی کے دورہ امریکہ سے قبل ملاقات کا پروگرام طئے کیا گیا تھا لیکن لمحہ آخر میں اسے ملتوی کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 یا 12 جون کو تلنگانہ قائدین کے ساتھ ہائی کمان کا اجلاس ہوگا۔ تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے اور 11 قائدین کو مذاکرات کیلئے مدعو کیا گیا ہے جن میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ارکان اسمبلی ڈی سریدھر بابو، سیتکا، جگا ریڈی، ٹی ویریا، اے آئی سی سی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ اور انتخابی حکمت عملی تیاری کمیٹی کے صدرنشین دامودھر راج نرسمہا شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں پارٹی کی حکمت عملی تیار کرنے والے سنیل کونگولو بھی اجلاس میں شریک رہیں گے جو موجودہ صورتحال میں پارٹی کے موقف کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ کرناٹک کے نتیجہ کے بعد ہائی کمان کو امید ہے کہ تلنگانہ میں پارٹی اقتدار میں واپس آسکتی ہے۔ انتخابی تیاریوں کے علاوہ ضلعی سطح پر پارٹی کے استحکام اور دیگر پارٹیوں سے قائدین کی شمولیت جیسے امور اجلاس میں زیر بحث آئیں گے۔ ریونت ریڈی اجلاس میں بی جے پی اور بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت کے خواہشمند قائدین کی فہرست پیش کرتے ہوئے ہائی کمان کی منظوری حاصل کریں گے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے حال ہی میں تلنگانہ کی صورتحال پر ہائی کمان کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے۔ انہوں نے پارٹی میں اتحاد کو کامیابی کیلئے اہم کلید قرار دیا اور راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے زائد دوروں کی تجویز پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی کے مختلف اضلاع میں جلسوں کی تاریخوں پر مشتمل تجاویز ہائی کمان کو پیش کی ہیں تاکہ کارکنوں کا حوصلہ بلند ہو۔ مختلف اضلاع میں راہول اور پرینکا کے جلسوں کے انعقاد کے ذریعہ سماج کے مختلف طبقات کیلئے ایجنڈہ جاری کیا جائے گا جو انتخابی منشور کا حصہ رہے گا۔ راہول گاندھی 8 جون کو نئی دہلی واپس ہورہے ہیں ان کے ہمراہ ریونت ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور مدھو یاشکی بھی وطن واپس ہوں گے۔ ریونت ریڈی کو امید ہے کہ ہائی کمان ان کے طئے کردہ حکمت عملی ایجنڈہ کو منظوری دے گا جس کے تحت مختلف اضلاع میں جلسہ عام کا منصوبہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی کی واپسی کے بعد بی جے پی اور بی آر ایس کے کئی اہم قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ر