کانگریس کی کامیابی میں سنیل کونگلو کا اہم رول

   

حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی میں انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کونگلو کا اہم رول رہا ہے۔ پرشانت کشور سے علحدگی کے بعد سنیل کونگولو نے اپنا علحدہ ادارہ قائم کرتے ہوئے کانگریس کی حکمت عملی تیار کرنے کی ذمہ داری حاصل کرلی۔ سنیل کونگلو کرناٹک کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی حکمت عملی تیار کرچکے ہیں جو کامیاب رہی اور پارٹی اقتدار میں واپس ہوئی۔ سنیل کا تعلق کرناٹک سے ہے اور کانگریس نے انہیں تلنگانہ کی ذمہ داری دی تھی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے اشتراک سے سنیل نے جو حکمت عملی تیار کی اس پر کانگریس نے من و عن عمل کیا۔ کانگریس ہائی کمان نے سنیل کو مکمل فری ہینڈ دیا تھا جس کے نتیجہ میں امیدواروں کے انتخاب سے لے کر مہم میں شامل ہونے والی شخصیتوں کے معاملہ میں سنیل نے اپنی رائے دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کیلئے بھی سنیل کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے راجستھان اور مدھیہ پردیش کیلئے منصوبہ تیار کیا لیکن اشوک گہلوٹ اور کمل ناتھ نے اتفاق نہیں کیا اور اختلاف رائے کے سبب سنیل کونگلو صرف تلنگانہ تک محدود ہوگئے۔ کونگلو کی عمر 40 سال ہے اور وہ پرشانت کشور کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کی دس سالہ حکمرانی کے خلاف کامیاب منصوبہ بندی کی۔