ریونت ریڈی کا ریمارک، جی او 317کیخلاف اساتذہ کے احتجاج کو ناکام بنانے کی مذمت
حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ کی تشکیل میں کانگریس کے اہم رول کو تسلیم کیا ہے۔ ٹوئٹر پر ریونت ریڈی نے لکھا کہ نریندر مودی کی تقریر سے دو حقائق منظر عام پر آئے ہیں۔ پہلا یہ کہ تلنگانہ کی تشکیل کانگریس کے سبب عمل میں آئی ہے اور ٹی آر ایس کا کوئی رول نہیں۔ دوسرا یہ کہ بی جے پی تلنگانہ سے نفرت کرتی ہے اور ریاست کے لئے مرکز نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے شہیدان تلنگانہ کی توہین پر وزیر اعظم سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے جی او 317 کے خلاف احتجاج کرنے سے قبل ہی ٹیچرس کی گرفتاری کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج کو پولیس کے ذریعہ ناکام بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور اساتذہ جی او 317 کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اساتذہ اور سرکاری ملازمین کے احتجاج کی مکمل تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے اندرا پارک پر اساتذہ کے دھرنے کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے اساتذہ قائدین کی فوری رہائی اور جی او 317 سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ر