بھونگیر میں مہلوک بی آر ایس ورکر کے پسماندگان سے ملاقات، 5 لاکھ روپے کی مالی امداد
حیدرآباد۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے سوریہ پیٹ ضلع کے تنگاترتی اسمبلی حلقہ کے موضع لنگم پلی کا دورہ کیا اور کانگریس کارکنوں کے حملے میں ہلاک بی آر ایس ورکر یو ملیا کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ انہوں نے ملیا کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور فوری امداد کے طور پر پسماندگان کو 5 لاکھ روپے حوالے کئے۔ کے ٹی آر نے ملیا کے لواحقین کو پارٹی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ کے ٹی آر کے تنگاترتی پہنچنے پر عوام اور حامیوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ لنگم پلی موضع میں ملیا کے افراد خاندان اور پارٹی کارکنوں نے کے ٹی آر کو کانگریس کے غنڈہ عناصر کے مظالم سے واقف کرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے سرپنچ اور پنچایت انتخابات میں تشدد کے ذریعہ کامیابی کی کوششوں کا کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی دراصل شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ اگر گزشتہ دو برسوں کی کارکردگی عوام کے لئے اطمینان بخش ہوتی تو الیکشن میں دھاندلیوں اور غنڈہ گردی کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی، غریبوں کے لئے مکانات اور راشن کارڈس کے بارے میں حکومت کے دعوے گمراہ کن ہیں۔ کانگریس نے کامیابی کے لئے عوام سے 420 وعدے کئے تھے جنہیں اقتدار ملتے ہی فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس تشدد پر یقین نہیں رکھتی ورنہ وہ جواب دینا اچھی طرح جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی آر ایس کارکنوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو پارٹی جواب دینے پر مجبور ہو جائے گی اور ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال خطرہ میں پڑسکتی ہے۔ بی آر ایس نے 10 سالہ دور اقتدار میں کبھی بھی سیاسی تشدد کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ پارٹی کے دوبارہ برسر اقتدار آنے پر ملیا کے خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ سابق وزیر جگدیش ریڈی، سابق ارکان اسمبلی جی کشور کمار، ملیا یادو، سابق رکن پارلیمنٹ لنگیا یادو، رکن کونسل کوٹی ریڈی اور دیگر قائدین کے ٹی آر کے ہمراہ موجود تھے۔ 1
