کانگریس کے پاس 40 حلقوں پر امیدوار دستیاب نہیں : ہریش راؤ

   

بی آر ایس مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرکے ہیٹ ٹرک حکومت تشکیل دے گی : کے ٹی آر
حیدرآباد 21 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے ورکنگ صدر و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دے گی ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ کرنے والی کانگریس کے پاس 40 حلقوں میں مقابلہ کرنے کیلئے امیدوار دستیاب نہیں ہیں ۔ آج تلنگانہ بھون میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی کارکردگی ریاست کی ترقی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری سے عوام پوری طرح مطمئن ہیں اور ریاست میں تیسری مرتبہ بی آر ایس پارٹی حکومت تشکیل دے گی اور کے سی آر ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ متحدہ ضلع نلگنڈہ کے تمام 12 اسمبلی حلقوں پر بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے پاس مقابلہ کرنے کے لیے 40 حلقوں میں امیدوار دستیاب نہیں ہے ۔ کانگریس حکومت تشکیل دینے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو مخالف تلنگانہ قرار دیا ۔ دولت اور قیمتی اراضیات لے کر ٹکٹ دینے کا خود کانگریس کے قائدین الزام عائد کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے راہول گاندھی کی جانب سے حکومت پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے راہول گاندھی کو پہلے کانگریس کے بدعنوانیوں کا محاسبہ کرنے کا مشورہ دیا اور بی آر ایس کی اسکیمات کی نقل کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کیا اور کہا کہ غلطی سے بھی کانگریس کامیاب ہوتی ہے تو کرفیو اور خشک سالی کے دور کا دوبارہ آغاز ہوجائے گا ۔ ن