کانگریس ہیڈکوارٹرس پر پرینکا گاندھی کیلئے علیحدہ دفتر

,

   

پارٹی قائدین سے مشاورت کرنے اور آزادانہ طور پر کام کرنے میں سہولت

نئی دہلی۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کو ان کا نیا دفترمل گیا ہے۔ دہلی کے 24 اکبرروڈ پرواقع کانگریس مرکزی دفترمیں پرینکا گاندھی کو ان کا کمرہ دیا گیا ہے، جہاں ان کی نیم پلیٹ (نام کی تختی) بھی لگ گئی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پرینکا گاندھی کے اس کمرے سے ہی راہل گاندھی کے سیاسی کیریئرکی شروعات ہوئی تھی۔ یہ کمرہ کبھی راہل گاندھی کا ہوا کرتا تھا۔پرینکا گاندھی کا یہ کمرہ کانگریس صدرراہل گاندھی کے کمرے سے متصل ہے۔ پرینکا گاندھی کو23 جنوری کو کانگریس کا جنرل سکریٹری بنائے جانے کا اعلان ہوا تھا۔ کانگریس صدرراہل گاندھی نے پرینکا گاندھی واڈرا کو مشرقی اترپردیش کا انچارج نامزد کیا ہے۔آپ کوبتادیں کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا پیرکوملک سے وطن واپس لوٹ آئیں۔ وہ اپنی بیٹی کا علاج کرانے کے لئے امریکہ گئی تھیں۔ پہلے وہ یکم فروری کو لوٹنے والی تھیں، لیکن علاج میں تاخیرکے سبب ان کے آنے میں تاخیرہوئی۔ وطن لوٹنے کے بعد پرینکا نے کانگریس صدرراہل گاندھی سے ان کے تغلق روڈ واقع رہائش گاہ پرملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا نے پارٹی کے کئی دیگربڑے لیڈروں سے بھی ملاقات کی اوراترپردیش کی حکمت عملی کولے کرتبادلہ خیال کیا۔ اس دوران مغربی اترپردیش کے جنرل سکریٹری جیوتی رادتیہ سندھیا بھی موجود تھے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو کانگریس جنرل سکریٹریوں اورالگ الگ ریاستوں کے انچارج کی میٹنگ میں پرینکا گاندھی بھی شامل ہوں گی۔ یہ میٹنگ آئندہ لوک سبھا الیکشن کی حکمت عملی کولے کربلائی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے ہفتہ کو بھی پردیش کانگریس صدور اورکانگریس قانون سازلیڈروں کی میٹنگ بلائی تھی، جس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کیلئے حکمت عملی تیار کرنے میں انہیں کھلی آزادی حاصل ہوچکی ہے۔