کثرت میں وحدت ہندوستان کی طاقت : گورنر سوندرا راجن

   


راج بھون میں کشمیری طلبہ کا استقبال، کلچرل پروگرام کی پیشکشی
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ کثرت میں وحدت ہندوستان کی طاقت ہے اور مختلف مذاہب اور لسانی تہذیبوں کے باوجود ہندوستان متحدہ طور پر ترقی کی منزلیں طئے کررہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہندوستان ایک عظیم تہذیبی، ثقافتی اور لسانی ورثہ کا حامل ہے اور یہی میراث ملک کی ترقی کی ضمانت بن چکی ہے۔ گورنر آج جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ سے راج بھون میں خطاب کررہی تھیں۔ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کی اصل روح مختلف تہذیبوں اور زبانوں کا اتحاد اور امتزاج ہے۔ کشمیر سے کنیا کماری تک اسی روایت نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ میں کنیا کماری سے ہوں اور آپ کشمیر سے ہیں۔ ہماری ملاقات تلنگانہ میں ہورہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کثرت میں وحدت کا مرکز ہے۔ کشمیر کے آرمی پراؤڈ اسکالرس اسکول سے تعلق رکھنے والے 35 طلبہ حیدرآباد کے دورہ پر ہیں۔ آپریشن سد بھاؤنا کے تحت اس دورہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کشمیری طلبہ نے متاثرکن کلچرل پروگرام پیش کیا جس میں جموں کشمیر کے نغمے اور روایتی رقص شامل تھے۔ گورنر نے کلچرل پروگرام کی بھرپور ستائش کی اور کشمیری طلبہ کو خصوصی ترنگا کا پرچم حوالے کیا۔ر