کجریوال حکومت تعلیم کے نام پر ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے :کانگریس

   

نئی دہلی : کانگریس نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کی قیادت والی حکومت پر تعلیم کے نام پر صرف ڈھنڈورا پیٹنے کا الزام لگاتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ یہ حکومت جسے تعلیم کا ماڈل کہہ کر مشہور کرہی رہی ہے وہ صرف لیپا پوتی ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر سندیپ دکشت نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں نہ تو نئے اسکولوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور نہ ہی طلباء کی تعداد اور نہ ہی اساتذہ کی تقرری میں پہلے کی بنسبت اضافہ ہوا ہے ۔ کچھ اسکولوں کو رنگ روغن کرکے چمکانے کی کوشش کی گئی ہے ، لیکن امتحان کے نتائج پہلے کے مقابلے بہت کم بڑھے ہیں، طلبہ کی تعداد نہیں بڑھ رہی ہے ، تو دہلی حکومت پھرکس تعلیمی ماڈل کی بات کرتی ہے ، یہ بڑا سوال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1998-99 میں دہلی حکومت کے 12ویں کے نتائج میں 64 فیصد بچے پاس ہوتے تھے ، لیکن 2013-14 میں یہ بڑھ کر 90 فیصد ہو گیا، یعنی 25 فیصد کے نتائج میں اضافہ ہوا، لیکن اس وقت کسی ماڈل کی بات نہیں ہوئی۔ اس کے بعد جب نتیجہ میں 7 فیصد اضافہ ہوا تو اسے ماڈل کے طور پر عام کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب رزلٹ 25 فیصد بڑھتا ہے تو کوئی ماڈل نہیں ہوتا ہے اور جب نتیجہ 7 فیصد بڑھتا ہے تو اس ٹیسٹ کے نتیجے کوماڈل کہا جانے لگتا ہے ۔ اسی طرح 10ویں کے امتحان کے نتائج 2010-11 میں بہت اچھے رہے ، لیکن اس وقت کی کانگریس حکومت نے اس نتیجہ کو تعلیم کا ماڈل قرار نہیں دیا۔