ہمارا مقصد دہلی میں بھی عالمی معیار کے تعلیمی ادارے قائم کرنا ہے، وزیرتعلیم آتشی کا بیان
نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) دہلی میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے دہلی ٹیچرز یونیورسٹی (ڈی ٹی یو) نے امریکن انسٹی ٹیوٹ رینڈ کارپوریشن کے ساتھ تین سالہ مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔مفاہمت نامے کے بارے میں تفصیلات کا اشتراک کرتے ہوئے دہلی کی وزیر تعلیم آتشی نے منگل کو کہا، “دہلی ٹیچرز یونیورسٹی اور رینڈ کارپوریشن کے درمیان یہ شراکت داری دہلی کے تعلیمی ماحولیاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہماری کوششوں میں ایک اور اہم قدم ہے ۔ رینڈ کارپوریشن کے تعاون اور مہارت کے ساتھ، ہمارا مقصد اساتذہ کو تعلیم میں جدید تحقیق کے ساتھ بااختیار بنانا اور انہیں اپنی ضرورت کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے ۔ اس سمت میں یہ شراکت داری دہلی کے تعلیمی نظام کیلئے اہم ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا، ”گزشتہ آٹھ برسوں میں کجریوال حکومت نے اسکولی تعلیم کے میدان میں نئی جہتیں قائم کی ہیں۔ ہمارا ویژن صرف عالمی معیار کے اسکولوں کی تعمیر تک محدود نہیں ہے بلکہ دہلی میں عالمی معیار کے اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کرنا ہے ۔ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کا یہ وژن ہیکہ دہلی حکومت کے اعلیٰ تعلیمی ادارے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے بہترین ادارے بنیں۔ دہلی ٹیچرس یونیورسٹی پوری دنیا کے بہترین اداروں کے ساتھ شراکت داری کرکے اس سمت میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ شراکت داری دہلی کے تعلیمی شعبے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی جس سے تعلیم میں موثر پالیسیوں اور طریقوں کی ترقی کو فروغ ملے گا۔رینڈ کارپوریشن امریکہ میں قائم ایک غیر منافع بخش، نان لیگل پبلک پالیسی تھنک ٹینک ہے ۔ رینڈ کارپوریشن کے ذریعے حکومت دہلی کی ٹیچرز یونیورسٹی کے ساتھ دستخط کیے گئے اس ایم او یو کا مقصد اسٹریٹجک مسائل کی حمایت کرنا، تدریس اور تحقیق کو نئی سطحوں تک لے جانا اور اہم عوامی پالیسی کے مسائل پر بحث کیلئے ایک پلیٹ فارم تیار کرنا ہے ۔