سنجے سنگھ نے تہاڑ جیل انتظامیہ کے حکم پر اٹھایا سوال
نئی دہلی :عآپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ ’’ایسا غیر اخلاقی رویہ کیوں؟ یہ غیر اخلاقی عمل صرف وزیر اعلیٰ کو بے عزت کرنے اور حوصلہ شکنی کیلئے اختیار کیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے ہفتہ کے روز ایک بیان دیا ہے جس میں کہا ہے کہ تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی بیوی سنیتا کجریوال نے جب ان سے ملاقات کیلئے درخواست دی تو انھیں بتایا گیا کہ وہ ان سے آمنے سامنے بیٹھ کر نہیں بلکہ کھڑکی سے بات کر سکتی ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ ر ہے ہیں کہ خونخوار مجرموں کو بھی بیوی سے بیرک میں ملنے کی اجازت ہے، لیکن تین بار کے دہلی کے وزیر اعلیٰ کو کھڑکی کے دوسری طرف کھڑے ہو کر اپنی بیوی سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ سنجے سنگھ نے بتایا کہ انھیں اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو کجریوال سے جیل میں ملاقات کیلئے ٹوکن جاری کیا گیا، لیکن بعد میں ملاقات کو منسوخ کر دیا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ اتنے کم وقت پہلے دی گئی اطلاع پر انھیں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عآپ لیڈر نے کہا کہ یقین نہیں کیا جا سکتا کہ بی جے پی حکومت پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور مجھے نہیں جانتی ہے۔ سنجے سنگھ نے تہاڑ کے جیل افسران پر بھی سوال اٹھایا۔