کجریوال کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ محفوظ

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات 5 ستمبر کو دہلی شراب پالیسی کیس میں وزیر اعلی اروند کجریوال کی درخواست ضمانت اور گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ فی الحال کجریوال کو جیل میں رہنا ہوگا۔ اس معاملے میں فیصلہ 10 ستمبر کو سنایا جا سکتا ہے۔ کجریوال نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ سی بی آئی نے مبینہ شراب اسکام میں تقریباً دو سال تک انہیں گرفتار نہیں کیا اور جب انہیں ای ڈی کے ذریعہ درج منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مل گئی تو انہیں 26 جون کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے وکیل ابھیشیک سنگھوی نے عدالت کو بتایا کہ گرفتاری سے قبل سی بی آئی نے انہیں کوئی نوٹس نہیں دیا۔ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے سپریم کورٹ سے دہلی کے وزیر اعلیٰ کی ضمانت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اروند کجریوال ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور ان کے فرار ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔