نارائن پیٹ میں سیلف ڈیفنس ‘سائبرکرائم پر بیداری پروگرام
نارائن پیٹ 17؍جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ شی ٹیم پولیس نے نارائن پیٹ منی اسٹیڈیم گراؤنڈ میں کراٹے سیکھنے والے طلباء کے لیے سیلف ڈیفنس، سائبر کرائم، جسمانی فٹنس جیسے موضوعات پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شی ٹیم کے پولیس آفیسر بالاراجو نے کہا کہ جو طالب علم چھوٹی عمر سے کراٹے پر توجہ دیتے ہیں ان میں جسمانی قوت کے ساتھ ساتھ اچھے نظم و ضبط میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی پڑھائی پر بھی توجہ دیں اور اچھی طرح مطالعہ کریں اور پڑھائی کے ساتھ کراٹے سیکھ کر وہ اپنی حفاظت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم جسمانی طور پر تندرست ہوں گے تو ہم بہتر طریقے سے کام کر سکیں گے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں اور اعلیٰ درجے کی نوکریاں حاصل کریں اور اپنے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکنالوجی میں اضافے کی وجہ سے سائبر کرائمز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ سائبر کرائمز کی وجہ سے لوگوں کو اس طرح کے جرائم سے ہوشیار رہنا چاہئے اور مفت کی لالچ میں نہیں آنا چاہئے۔ طلباء کے لیے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا کہ اگر وہ سائبر کرائم کا شکار ہیں تو ٹول فری نمبر 1930 پر اطلاع دیں۔