لاہور: کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ایک مشتعل ہجوم نے ٹیلی کام انجینیئر اور ڈرائیور کو تشدد کر کے ہلاک کر دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مقامی لوگوں نے اُنھیں بچوں کے اغواکار سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ دونوں افراد کی لاشیں کئی گھنٹے سڑک پر پڑی رہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ پرتشدد واقعہ ڈاکس تھانے کی حدود میں مچھر کالونی بنگالی محلہ میں پیش آیا ہے ۔ ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیلی کام کمپنی کے ملازم تھے اور یہاں سگنلز چیک کرنے کیلئے آئے ہوئے تھے ۔ یہ پسماندہ علاقہ ہے ۔ یہاں اچانک یہ افواہ پھیلائی گئی کہ یہ بچوں کو اغوا کر رہے تھے اور ایک ہجوم نے ان پر حملہ کر دیا۔ پولیس واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے ۔ایس ایچ او ڈاکس پرویز سولنگی کا کہنا ہے کہ مقتولین نے دو تین لوگوں سے راستہ پوچھا تھا جس کے بعد علاقہ میں یہ افواہ پھیلا دی گئی کہ یہ بچے اغوا کرنے والے ہیں۔