کرتارپور راہداری پر ہندوپاک معاہدہ کا خیرمقدم : امریکہ

   

نئی دہلی ۔ 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوپاک کے درمیان کرتارپور راہداری شروع کرنے کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کے عمل کا خیرمقدم کیا ہے۔ آئندہ ماہ اس راہداری کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آئے گا جسے امریکہ نے عوام سے عوام کے تعلقات کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم سے تعبیر کیا۔ یاد رہیکہ جمعرات کے روز ہندوپاک کے درمیان کرتارپور راہداری کھولے جانے پر یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے۔ سکھوں کو گردوارہ دربار صاحب پر حاضری کیلئے اب ویزوں کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ گردوارہ صاحب سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیوکی خانقاہ ہے حالانکہ کشمیر کو لیکر ہندوپاک کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے لیکن کرتارپور معاملہ پر دونوں پڑوسی ممالک نے کچھ اس طرح کام انجام دیا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ اس یادداشت مفاہمت کے تحت ہر روز 5000 سکھ زائرین گردوارہ دربار صاحب پر حاضری دے سکیں گے۔ یہ وہی مقدس مقام ہے جہاں گرونانک دیو نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال گزارے تھے۔