حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) کردار پر شبہ اور لڑکی کی پیدائش سے ہراسانی کا شکار ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ رائے درگم پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 29 سالہ یرن مائی نے خودکشی کرلی۔ پویس ذرائع کے مطابق یرن مائی جو خواجہ گوڑہ علاقہ کے ساکن کرشنا کشن کی بیوی تھی اس کی شادی گزشتہ سال اگسٹ میں ہوئی تھی اور شادی کے چندروز بعد ہی سے اس خاتون کو شدید ہراسانی کا سامنا تھا۔ اس خاتون کا شوہر اس کے کردار پر شک کرتے ہوئے اسے ہراساں و پریشان کرتا تھا اور اذیت پہنچاتا تھا۔ گزشتہ دنوں اس خاتون نے ایک لڑکی کو جنم دیا جس کے بعد سے ہراسانی میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ جس سے تنگ آکر خاتون نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔