کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023: “اگر حکومت بنتی ہے تو بس سفر مفت ہوگا”، کانگریس کا خواتین سے بڑا وعدہ

   

بنگلورو:کرناٹک میں پانچویں انتخابی ‘گارنٹی’ کا اعلان کرتے ہوئے، کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی نے جمعرات کو ریاست میں خواتین کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں مفت سفر کا وعدہ کیا۔ راہول گاندھی نے 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اُڈپی اور دکشینہ کنڑ اضلاع میں پارٹی امیدواروں کے حق میں مہم چلائی۔انہوں نے کانگریس کے انتخابی ضمانتوں کو پورا نہ کرنے کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ریمارکس کو بھی نشانہ بنایا۔ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا، ”ہم چار موجودہ (انتخابی) ضمانتوں میں ایک اور گارنٹی کا اضافہ کریں گے۔ یہ خواتین کے لیے ہوگا۔ مودی جی، غور سے سنیں۔ کانگریس کے اقتدار میں آتے ہی پہلے دن پانچویں گارنٹی کو بھی نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت خواتین کرناٹک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں مفت سفر کریں گی۔