نئی دہلی 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے الزام عائد کیاکہ سرکردہ بی جے پی قائدین حکومت کرناٹک کو بیدخل کرنے کی کوششوں کے پیچھے کارفرما ہیں اور کہاکہ یہ مسئلہ آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں اُٹھایا جائے گا۔ ایک آڈیو ٹیپ کے پس منظر میں جس میں بی جے پی لیڈر بی ایس ایڈورپا کو جے ڈی ایس رکن اسمبلی کو 10 کروڑ کی پیشکش کررہے ہیں، کانگریس نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی سے اپیل کی کہ اِن دعوؤں کا ازخود نوٹ لیا جائے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائدین کے سی وینو گوپال اور رندیپ سرجیوالا نے دعویٰ کیاکہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی سربراہ امیت شاہ کرناٹک کی جے ڈی ایس ۔ کانگریس زیرقیادت حکومت کو بیدخل کرنے کی کوششوں میں ملوث ہیں۔