ملک پیٹ میں سی پی آئی کی پدیاترا، ڈاکٹر نارائنا اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے سی پی آئی کی قومی سطح پر جاری بی جے پی ہٹاؤ ، دیش بچاؤ مہم کے تحت آج دلسکھ نگر اور اطراف کے علاقوں میں پدیاترا میں حصہ لیا اور عوام سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر نارائنا نے سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹریٹ رکن ای ٹی نرسمہا ، سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ رکن عاملہ اے رویندرا چاری، حیدرآباد ڈسٹرکٹ سکریٹری ایس چھایا دیوی، اسٹیٹ کونسل رکن بی وینکٹیشم اور دیگر قائدین کے ہمراہ پدیاترا کے تحت دلسکھ نگر، موسیٰ رام باغ، آسمان گڑھ اور ملک پیٹ کے علاقوں کا احاطہ کیا۔ انہوں نے جگہ جگہ مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے عوام کو باشعور بنانے قومی سطح پر مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو توڑنے والی سیاست پر عمل پیرا بی جے پی کو ملک میں شکست دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ 15 اپریل کو شروع ہوئی مہم ایک ماہ کی تکمیل کے بعد کل 15 مئی کو ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کی سطح پر یہ مہم چلائی گئی ہے۔ انہوں نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے عوام سے متحرک ہونے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ کرناٹک کے نتائج سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ عوام بی جے پی کی فرقہ پرست اور نفرت کی سیاست سے عاجز آچکے ہیں۔ کرناٹک میں مودی اور امیت شاہ نے بی جے پی کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا لیکن پارٹی کو انتہائی شرمناک شکست ہوئی ہے۔ اس موقع پر سی پی آئی قائدین چندرا موہن گوڑ، این سریکانت، محمد منان، عمر خاں، محمد لطیف، محمد سلیم، منیر پٹیل، انیل کمار اور دیگر قائدین موجود تھے۔ر