کرناٹک میں کھیت سے ڈھائی لاکھ کے ٹماٹرکا سرقہ

   

سارق ٹماٹر کے 60 تھیلے لے کر فرار‘ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج

بنگلورو:ٹماٹر کی آسمان چھوتی قیمتوں کے درمیان، جو کہ 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، کرناٹک سے ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے۔ کرناٹک میں ایک خاتون کے کھیت سے ڈھائی لاکھ روپے کے ٹماٹر چوری ہو گئے۔ ضلع ہاسن کے ایک کھیت سے نامعلوم افراد نے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے ٹماٹر چوری کر لیے۔چور 4 جولائی کی رات کو ضلع کے گونی سومانہلی گاؤں پہنچے اور کھیت سے ٹماٹر کے 50تا60 تھیلے لے کر فرار ہوگئے۔ خاتون کسان دھرینی کی شکایت پر ہیلی بیڈو پولیس اسٹیشن میں چوری کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔دھرینی نے کہا کہ یہ چوری اس وقت ہوئی جب ٹماٹر کی قیمت 120 روپے فی کلو سے زیادہ تھی اور دھرینی فصل کی کٹائی کر کے اسے بنگلور کے بازار میں لے جانے کی تیاری کر رہی تھی۔شکایت کنندہ دھرینی کے مطابق، اسے سیم کی فصل میں نقصان ہوا تھاجس کے بعد اس نے ٹماٹر اگانے کے لیے قرض لیا تھا۔ اتفاق سے فصل اچھی تھی، قیمتیں بھی زیادہ تھیں۔ہیلی بیڈو پولیس نے کہاکہ ہم نے سپاری اور دیگر تجارتی فصلوں کی چوری کے بارے میں سنا تھا، لیکن کبھی نہیں سنا کہ کسی نے ٹماٹر چوری کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہمارے تھانے میں اس طرح کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دھرینی کے بیٹے نے بھی ریاستی حکومت سے معاوضے کی درخواست کی ہے۔دراصل دھرینی نے اپنے خاندان کے ساتھ دو ایکڑ زمین پر ٹماٹر اگائے تھے۔