مانڈیا ( کرناٹک) : کرناٹک کے ضلع مانڈیا ( میسور سے 50 کلو میٹر) میں بائیک میکانک الطاف پاشاہ 15 سال سے اس بھروسہ میں لاٹری کا ٹکٹ خرید رہے تھے کہ کسی دن ان کی قسمت بدلے گی۔ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی انہوں نے لاٹری کا ٹکٹ خریدا اور وہ راتوں رات کروڑ پتی بن گئے ۔ الطاف پاشاہ نے 25کروڑ روپئے کی لاٹری جیتی ہے ۔ الطاف نے بتایا کہ کیسے انہوں نے اپنے دوست سے دو ٹکٹ خریدنے کو کہا تھا لیکن دونوں نے اپنے اپنے ٹکٹ کی ادلا بدلی کردی ، قسمت سے الطاف کے پاس جو ٹکٹ رہ گیا اسی میں جیک پاٹ نکلا ۔ کروڑپتی بننے کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ ابھی بھی یقین نہیں کرپا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ان پیسوں سے اپنی بیٹی کو ڈاکٹر بنائیں گے اور اپنا ذاتی گھر ہونے کا خواب پورا کریں گے ۔