بنگلورو ۔ کرناٹک حکومت نے نئے انلاک رہنما خطوط کے تحت میسور سمیت ریاست کے کئی دیگراضلاع میں کووڈ-19 پابندیوں میں نرمی کردی ہے ۔ چیف سکریٹری پی روی کمارکی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ان اضلاع میں کورونا پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے جہاں انفیکشن کی شرح میں تیزی سے کمی آئی ہے لیکن وہ پانچ فیصد سے زیادہ مستحکم ہے ۔ نئی فہرست کے تحت گروپ 1 میں وہ اضلاع شامل ہیں جہاں انفیکشن کی شرح پانچ فیصد سے نیچے آگئی ہے ۔ میسور کو گروپ 2 میں رکھا گیا ہے ۔ چامراج نگر ، داونگرے اور چکماگلورو اضلاع کوگروپ 1 میں شامل کیا گیا ہے ۔ ریاست میں شام رات 7 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ ویک اینڈ کرفیو بھی نافذ رہے گا۔ ویک اینڈ کرفیو جمعہ کی شام 7 بجے سے پیر کی صبح 5 بجے تک جاری رہتا ہے ۔ ویک اینڈ کرفیو کے دوران صرف ضروری اشیا کی فروخت کی اجازت ہے ۔