کرناٹک کے نتائج مودی حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کا آغاز

   

فرقہ وارانہ سیاست کو عوام نے مسترد کردیا، وزیر برقی جگدیش ریڈی کا ردعمل

حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ کرناٹک کے انتخابی نتائج مودی حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کا ثبوت ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے ملک بھر میں جو نفرت کا ماحول پیدا کیا ہے اور عوامی مسائل کو جس طرح نظرانداز کردیا گیا کرناٹک کے رائے دہندوں نے ووٹ کے ذریعہ سبق سکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 9 ریاستوں میں عدم استحکام اور توڑ جوڑ کے ذریعہ حکومت تشکیل دی ہے۔ عوامی تائید کے ساتھ ان ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے لہذا مستقبل میں بی جے پی ان ریاستوں میں اقتدار سے محروم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فیصلہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کرناٹک میں بھی انحراف کی حوصلہ افزائی کی تھی جس پر عوام نے جواب دیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو عوام سبق سکھائیں گے۔ کانگریس پر تبصرہ کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی بحران کی صورتحال سے گذر رہی ہے۔ اقتدار ملنے کے باوجود کانگریس کئی ریاستوں میں اقتدار کو برقرار نہیں رکھ سکی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکمرانی کے خلاف ملک میں عوامی بغاوت کا آغاز ہوچکا ہے اور کرناٹک کا فیصلہ اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں مودی نے انتخابی مہم کو نفرت کی بنیاد پر چلانے کی کوشش کی لیکن فرقہ پرست اور نفرت کی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کو بی جے پی کے متبادل کی تلاش ہے اور بی آر ایس کے ذریعہ کے سی آر نے متبادل فراہم کیا ہے۔ر