نئی دہلی، 10 ستمبر (یواین آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چہارشنبہ کو کرناٹک کے کانگریس ایم ایل اے ستیش سیل کو غیر قانونی لوہے کی برآمد سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا ہے ۔ ای ڈی نے کہا کہ ستیش سیل کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ 13اور 14 اگست کو کاروار (شمالی کرناٹک)، گوا، ممبئی، نئی دہلی میں ستیش سیل سے متعلق کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے ، جس میں نقدی اور زیورات برآمد ہوئے ۔ ای ڈی کے مطابق مسٹر سیل اور دیگر ادارے اشاپورا مائن کیم لمیٹڈ، شری لال محل لمیٹڈ، سواستیک اسٹیلز (ہاسپیٹ) پرائیویٹ لمیٹڈ، آئی ایل سی انڈسٹریز لمیٹڈ، شری لکشمی وینکٹیشور منرلز لمیٹڈ وغیرہ ان کے ریڈار پر تھے ۔ ایجنسی نے کہا کہ سری ملیکارجن شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ذریعہ غیر قانونی لوہے کی برآمد کے معاملہ میں بنگلورو میں ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کی خصوصی عدالت نے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔ ای ڈی نے خصوصی عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے کے بعد تعزیرات ہند اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت تحقیقات شروع کی تھی۔