حیدرآباد ۔ /17 مارچ (سیاست نیوز) خوفناک وباء کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت تلنگانہ کی طرف سے کئے گئے احتیاطی اقدامات کے تحت کئی شاپنگ مالس ، سنیما ہالس ، سوئمنگ پولس ، انڈور اسٹیڈیمس ، پبس ، بارس اور دیگر بڑے کاروبار بند کردیئے جانے کے سبب ریاست کو تقریباً 10,000 کروڑ روپئے کا نقصان ہوگا ۔ حکومت نے ان تمام کاروباری اداروں کو /21 مارچ تک بند رکھنے کیلئے ہفتہ کو احکام جاری کئے تھے ۔ علاوہ ازیں گرمائی کیمپس ، جلسے ، جلوس ، تہذیبی تقاریب ، تجارتی میلے ، اسپورٹس مقابلے ، کارنیوالس وغیرہ منانے پر بھی /21 مارچ تک پابندی عائد کی گئی ہے ۔ جس سے ریاست کی معیشت پر کافی اثر ہوگا اور اس کی آمدنی متاثر ہوگی ۔ تلنگانہ کے تمام تعلیمی اداروں کو بھی /31 مارچ تک تعطیل دیدی گئی ہے ۔ بڑے کاروبار بند ہونے کی وجہ جی ایس ٹی کی وصولی متاثر ہوگی ۔