کرکٹر محمد سراج کی حیدرآباد میں تہنیتی تقریب

   

حیدرآباد: کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے فاسٹ بولر محمد سراج کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا کے صدرنشین اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں منعقدہ ٹسٹ سیریز میں سراج نے 13 وکٹ حاصل کئے اور آخری میاچ میں 5 وکٹ حاصل کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ سراج کی حیدرآباد واپسی کے بعد بڑے پیمانہ پر تہنیت پیش کی جائے گی ۔ کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا کے قومی ورکنگ پریسیڈنٹ ایس سریکانت اور حیدرآباد کرکٹ فیڈریشن کے نائب صدر ایم اے خرم پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ ہنمنت راؤ نے ٹسٹ سیریز میں کامیابی پر ٹیم انڈیا کو مبارکباد پیش کی ۔ ہنمنت راؤ کی جانب سے محمد سراج کو ایک مکتوب روانہ کیا گیا جس میں تہنیتی تقریب کے لئے دن مقرر کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ حیدرآباد واپسی کے بعد ہفتہ یا اتوار کو کسی بھی تاریخ پر فتح میدان کلب میں تہنیت پیش کی جائے گی ۔