سورو گنگولی کا بیان ۔ سربراہ کے طور پر شیوراما کرشنن کا نام زیرغور
نئی دہلی ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کولے کر بی سی سی آئی صدراورسابق کپتان سورو گنگولی نے اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں صرف دوتبدیلیاں کی جائیں گی اوراس میں مکمل طور پر تبدیلی نہیں ہوگی ۔ ایک انگریزی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے گنگولی نے کہا کہ موجودہ سلیکشن کمیٹی سے صرف دو ممبران کوتبدیل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ صرف دوسلیکٹروں کے نام کا اعلان ہوگا’۔ واضح رہے کہ ایم ایس کے پرساد اورگگن کھوڑا کی مدت مکمل ہوچکی ہے اور ان دونوں کی جگہ ہی نئے سلیکٹرآئیں گے۔ وہیں دیوانگ گاندھی، جتن پرانجپے اور شرن دیپ سنگھ کی مدت میں ابھی ایک سال باقی ہے اور یہ ابھی برقرار رہیں گے۔سلیکشن کمیٹی کے دو نئے اراکین کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا اوراس کیلئے کرکٹ مشاورتی کمیٹی بنائی جائیگی۔ بی سی سی آئی صدر نے نئے سلیکٹروں کیلئے کسی کا نام بتانے سے انکارکیا۔ میڈیا میں ہندوستانی سلیکشن کمیٹی کے نئے سربراہ کیلئے شیوراما کرشنن کا نام گشت کررہا ہے۔ سوروگنگولی نے آسٹریلیا ۔ انگلینڈ کے ساتھ چارممالک کی سوپر سیریزسے متعلق کہا کہ ابھی یہ صرف تجویزہے۔ دیکھنا ہوگا کہ آگے اس پرکیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہمیں براڈ کاسٹرس اورآئی سی سی سے 4 ممالک کے ٹورنمنٹ کیلئے اجازت لینی ہوگی۔