پولیس کارروائی کی مذمت، بی جے پی خوف زدہ نہیں ہوگی
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے دیگر بی جے پی قائدین کے ہمراہ آج کریم نگر جیل پہنچ کر پارٹی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے سے ملاقات کی جو 14 دن کی عدالتی تحویل میں ہیں۔ بی جے پی قائدین نے ملاقات کے لئے مقررہ وقت کے دوران جیل پہنچ کر بنڈی سنجے سے ملاقات کی اور کل رات پیش آئے واقعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے بنڈی سنجے پر پولیس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ کووڈ قواعد کے تحت احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ احتجاج پارٹی کے دفتر میں کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دفتر کے دروازوں، فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر کے شیشوں کو توڑ دیا گیا اور کارروائی کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔ انہوں نے خاتون کارکنوں پر حملے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ دفتر میں داخلہ کا حق پولیس کو کس نے دیا تھا۔ انہوں نے بنڈی سنجے پر جھوٹے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ کے سی آر حکومت کی کارروائیوں سے بی جے پی خوف زدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کووڈ قواعد صرف بی جے پی کے لئے لاگو ہیں۔ برسر اقتدار پارٹی کے قائدین اور وزراء عام جلسوں سے خطاب کررہے ہیں۔ کشن ریڈی کے ہمراہ ایٹالا راجیندر، جی وویک اور مقامی قائدین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جی او 317 سے دستبرداری تک احتجاج جاری رہے گا۔ ر