زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی پر میونسپل کارپوریشن کو بھاری آمدنی کی توقع
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے کریم نگر میونسپل کارپوریشن حدود میں اراضیات کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم ’ لینڈ ریگولرائزیشن اسکیم ‘ (ایل آر ایس ) کے تحت درخواستوں کی یکسوئی کے لیے ایک اور موقعہ فراہم کیا ہے جب کہ گذشتہ ماہ اپریل تک ایل آر ایس اسکیم کے تحت وصول ہونے والی درخواستوں کی یکسوئی کے لیے موقع فراہم کر کے ان درخواستوں کی یکسوئی کو مکمل کرنے کے اقدامات کی ۔ لیکن اس کے باوجود مزید ہزاروں درخواستیں زیر التواء رکھی ہوئی ہیں ۔ لہذا ان تمام زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کو مکمل کرنے کے اقدامات کیے۔ لہذا ان تمام زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کرنے پر میونسپل کارپوریشن و میونسپل کونسل کو بھاری آمدنی ( رقومات ) حاصل ہونے کی قوی توقع ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت نئی قائم کردہ میونسپالٹیوں کے علاوہ نگرپالیکا اور میونسپل اداروں میں ضم ہونے والے مواضعات میں پائی جانے والی اراضیات کو باقاعدہ بنانے کے لیے ہی ریاستی حکومت نے ایل آر ایس اسکیم کو متعارف کیا ہے اور اس کو ملا کر سابق میں میونسپلٹیوں اور میونسپل کارپوریشن میں ایل آر ایس کے تحت درخواستیں پیش کرنے کے بعد ان سے متعلق زیر التواء فائیلس کی یکسوئی کرنے کا موقع فراہم کر کے ریاستی حکومت نے آئندہ ماہ 31 دسمبر تک مدت میں توسیع کی ہے جس کی وجہ سے متحدہ ضلع کریم نگر میں کریم نگر راما گنڈم ، میونسپل کارپوریشنس کے ساتھ جگتیال ، مٹ پلی ، کورٹلہ ، سرسلہ ، ویملواڑہ ، پیدا پلی ، حضور آباد ، جمی کنٹہ بلدیات میں زیر التواء پائے جانے والے ایل آر ایس درخواستوں کی یکسوئی بھی ممکن ہوسکے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے سال 2016 میں ایل آر ایس اسکیم کا آغاز کیا تھا اور ماہ نومبر 2016 تک درخواستوں کی پیشکشی کے لیے موقع فراہم کی تھی ۔ اس وقت مقامی میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 4368 درخواستیں وصول ہوئی تھیں جن کے منجملہ 72 درخواستوں کو مختلف وجوہات کی وجہ سے مستردکردیا گیا اور اب تک جملہ 2644 درخواستوں کا جائزہ لے کر ایل آر ایس کے اجازت ناموں ( احکامات منظوری ) کو منظور کر کے حوالے کئے گئے ۔
علاوہ ازیں 1652 درخواستیں ابھی بھی زیر التواء ہیں ۔ لہذا فی الوقت حکومت کی جانب سے ایل آر ایس کے لیے دی گئی مزید مہلت کے پیش نظر 31 دسمبر تک ان درخواستوں کو بھی یکسوئی کرنے پر بلدی عہدیدار اپنی خصوصی توجہ مرکوز کرسکیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ زیر التواء ایل آر ایس درخواستوں کی یکسوئی کرنے کے لیے درخواست گذاروں کو دی جانے والی نوٹسوں کے باوجود کوئی مثبت ردعمل حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ایل آر ایس اسکیم کے تحت دی جانے والی مہلت کے باعث متعدد ان تمام بلدیات کو بھاری رقومات حاصل ہونے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں۔ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کو ایل آر ایس کے تحت وصول شدہ درخواستوں کے منجملہ 2644 کی یکسوئی کردی گئی ۔ جس کے ذریعہ میونسپل کارپوریشن کریم نگر کوجملہ 3074 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے اور اس آمدنی کے ذریعہ اب تک ہی کریم نگر ٹاون ( شہر ) میںکئی ایک ترقیاتی اقدامات جاری ہیں ۔ ماباقی 1652 درخوستوں کی بھی یکسوئی کرنے پر مزید 20 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہونے کی توقع پائی جاتی ہے علاوہ ازیں ضم ہونے والے مواضعات سے داخل کئے جانے والے ایل آر ایس درخواستوں کے ذریعہ آمدنی میں مزید اضافہ کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔۔