پہلا و دوسرا مقام حاصل کرنے والوں کو ریاستی سطح کے مقابلے کیلئے منتخب کیا جائے گا
کریم نگر /28 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ایم وینکٹا رام بابو نے بتایا کہ نہرو یووا کیندر کے زیراہتمام ضلع سطح کا یووا اتسو پروگرام اگلے ماہ اکٹوبر کے دوسرے ہفتہ میں منعقد کیا جائیگا۔ چہارشنبہ نہرو یووا کیندر کریم نگر کے دفتر میں منعقدہ صحافتی اجلاس میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر نے مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر میں ضلع سطحی مقابلوں کا اگلے ماہ اکٹوبر میں انعقاد کیا جائیگا۔یووا اتسو میں مختلف مقابلے منعقد کئے جائینگے جن میں شاعری، مصوری، موبائل فوٹو گرافی، تقریری، ثقافتی (رقص)شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات دئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مقابلوں میں15سے29 سال کی عمر کے دیہی و شہری مستقرنوجوانان و طلباء حصّہ لے سکتے ہیں۔ مذکورہ تمام اہل امیدوار مقابلوں میں شرکت کیلئے آن لائن لنک https://forms.gle/Rom1vpqjz5pzde63A کے ذریعہ اپنے نام رجسٹر کرسکتے ہیں۔ ضلعی سطح پر پہلا اور دوسرا مقام حاصل کرنے والے فاتحین کو ریاستی سطح کے مقابلے میں بھیجا جائیگا اور ریاستی سطح کے مقابلوں کے فاتحین کو قومی سطح کے مقابلوں میں بھیجا جائیگا۔ ضلعی سطح کے مقابلوں کی تاریخ کا اعلان عنقریب صحافتی بیان کے ذریعے کیا جائیگا۔مقابلوں میں شرکت کے خواہش مند نوجوان مرد اور خواتین مزید تفصیلات کے لیے نہرو یووا کیندر کے دفتر یا فون نمبر 9177329258 – 9652782815 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔اس صحافتی اجلاس میں ڈسٹرکٹ یوتھ اینڈ اسپورٹس ڈیولپمنٹ آفیسر راجہ ویرا، عہدیدار برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ عبدالکلیم، نہرو یوتھ سینٹر کے پروگرام آفیسر بی رویندر اور دیگر نے شرکت کی۔