کریم نگر میں 150 فٹ طویل قومی پرچم کی نقاب کشائی

   

اسی روز اسمارٹ سٹی کے کاموں کا آغاز ، کریم نگر بلدی کارپوریشن میئر

کریم نگر ۔ 12 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طویل قومی پرچم لہرائے جانے کیلئے آخرکار قطعی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے ۔ قبل ازیں 15 اگسٹ ، 26 جنوری ، 2 اکٹوبر مختلف تواریخ کا اعلان کیا گیا اور لمحہ آخر اس کو ملتوی کردیا جاتا تھا ۔ قومی پرچم لہرائے جانے کے پروگرام کو اب جاریہ ماہ کی 15 کو لہرانے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ اسی روز اسمارٹ سٹی کے کاموں کا بھی آغاز ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار میئر سردار رویندر سنگھ نے کیا ۔ وہ اسمارٹ سٹی عہدیداروں ، کنسلٹنسی وفد ، میونسپل انجینئرس و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ قومی پرچم کشائی اور اسمارٹ سٹی کاموں کے جائزـہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ بعد ازاں ان عہدیداروں کے ساتھ گورنمنٹ آرٹس کالج میدان میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ قومی پرچم کشائی پلیٹ فارم اسمارٹ سٹی فنڈز سے تعمیر کیا جائیگا۔ تھیم پارک سے متعلقہ کاموں پر بات چیت کی گئی ۔ عوام میں قومی جذبہ کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔ طویل قومی ترنگا 150 فٹ اور 80 لاکھ روپئے سے تیار کیا جارہا ہے ۔ اس پرچم کشائی تقریب کی شروعات کئی عرصہ پہلے ہی کی گئی تھی ۔ ناگزیر وجوہات کی بناء پر اس پروگرام کو ملتوی کیا جاتا رہا اب پارلیمنٹ الیکشن کے اعلان سے قبل ہی قومی پرچم لہرائے جانے کا پروگرام طئے کیا گیا ۔ ایم پی ونود کمار کے ہاتھوں 15 فبروری کو پرچم کشائی انجام دی جائیگی ۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر سرفراز احمد ، رکن اسمبلی گنگولا کملاکر ، ایم ایل سی ناراداس لکشمی کمار ، سنتوش کمار کارپوریٹرس و دیگر عوامی ، سیاسی قائدین مختلف محکمہ جاتی عہدیداران شرکت کریں گے ۔ اس تقریب میں سرکاری ، خانگی مدارس کے تقریباً 10 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات حصہ لیں گے ۔ کریم نگر اسمارٹ کارپوریشن لمیٹیڈ پراجکٹ کے پہلے دن کاموں کا آغاز بھی کردیگا ۔ اس پروگرام میں میونسپل اے ای چنیتا ، آر وی کنسلٹنسی وفد ، کارپوریٹر کے لنگیا ، ٹی آر ایس قائد مائیکل سرینواس ، ڈی راجو و دیگر موجود تھے ۔