رکن اسمبلی میدک پی دیویندر ریڈی کے خلاف نعرے بازی، ضلع کلکٹر راجرشی شاہ سے نمائندگی
میدک /18 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی میدک میں گذشتہ دو ماہ کے دوران 5 کسانوں نے فصلوں کی خرابی اور معیشت کی کمزوری کو لیکر خودکشیاں کرلئے ۔ لیکن مقامی رکن اسمبلی محترمہ ا یم پدما دیویندر ریڈی نے تاحال خودکشی کرلینے والے کسانوں کے ورثاء سے ملاقات تک نہیں کی ۔ پدما ریڈی کو چاہئے تھا کہ فوری مہلوک کسانوں کے خاندانوں سے ملاقات کرکے حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا کا اعلان کرتی ۔ اس طرح کسانوں کے خاندانوں کی اجیرن زندگیوں کو لے کر حلقہ اسمبلی میدک کانگریس کے اہم حرکیاتی قائدین ارکان پی سی سی مسرز میساڈم بالکرشنا ، چودھری سپرابھات راؤ کی قیادت میں پدما ریڈی کے رویہ کے خلاف ٹاون کے حیدرآباد ایکس روڈ ویلکم بورڈ سے دفتر کلکٹریٹ تک کسانوں کے ساتھ ایک احتجاجی ریالی منظم کی ۔ جس میں سینکڑوں کاشتکاروں کے ہمراہ مہلوک کاشتکاروں کے ارکان خاندان اور کانگریسی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ احتجاجی کارکنوں نے بی آر ایس حکومت اور رکن اسمبلی کے خلاف زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے خودکشی کرلینے والے کسانوں کے خاندانوں سے انصاف کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ قائدین کا ایک وفد دفتر کلکٹریٹ پہونچکر کلکٹر میدک راجرشی شاہ سے ملاقات کرکے تفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے مہوک کسانوں کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا منطور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج میں کانگریسی قائدین صدر بلاک کانگریس مسٹر محمد حفیظ الدین ، ست نارائنا گو ڑ ، پرساد گوڑ ، محمد اکبر ، بھرت گوڑ ، انودیپ ، گوردھن ، شیو کمار کے علاوہ دیگر قائدین و کارکنوں شریک تھے ۔