کسانوں کی پرامن ستیہ گرہ قوم کے مفاد میں ‘ راہول

   

ہمیں خوف کی دیوار سے دھمکایا کیوں جارہا ہے ؟ حکومت سے پرینکا گاندھی کا سوال

نئی د ہلی ۔ کسان یونینوں کی جانب سے ملک بھر میں چکا جام کے موقع پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج کہا کہ کسانوں کی پرامن ستیہ گرہ قوم کے مفاد میں ہے کیونکہ نئے زرعی قوانین ملک کیلئے مضر ہیں۔ کسان یونینوں نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ 6 فبروری کو چکا جام کیا جائیگا ۔ اس موقع پر قومی اور ریاستی شاہراہوں کو دوپہر 12 بجے سے سے پہر 3 بجے تک روک دیا جائیگا ۔ چکا جام کا اعلان کسانوں کے احتجاج کے مقام پر انٹرنیٹ کو بند کردئے جانے ‘ کسانوں کو حکام کی جانب سے مسلسل ہراسانی و مقدمات کے اندراج اور دیگر مسائل کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا تھا ۔ راہول گاندھی نے آج ہندی میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ ان داتا ‘ ( کسانوں ) کی پرامن ستیہ گرہ ملک کے مفاد میں ہے کیونکہ یہ نئے زرعی قوانین نہ صرف کسانوں اور زرعی مزدوروں کیلئے بلکہ ملک کے سارے عوام کیلئے مضر ہیں۔ وہ کسان احتجاج کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ علاوہ ازیںکانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی کسانوں کے مسئلہ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک تصویر پیش کی جس میں کسان احتجاج کے مقامات پر رکاوٹیں اور خار دار تار بچھائے جانے کو دکھایا گیا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے سوال کیا کہ آپ کیوں ہمیںخوف کی دیوار سے دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں ؟ ۔ کانگریس نے کل ہی اعلان کرتے ہوئے کسان یونینوں کی جانب سے معلنہ ملک بھر میں چکا جام کی تائید کی تھی اور کہا تھا کہ پارٹی ورکرس بھی اس احتجاج میں کسانوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ شامل رہیں گے ۔