کاغذ نگر: ضلع کے بی آصف آباد کے ڈسٹرکٹ کلکٹر کانفرنس ہال میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی تعلقہ انچارج روی سرینواس کے زیر نگرانی کاغذ نگر کے کسانوں نے ضلع کلکٹر راہول راج سے ملاقات کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کو پٹہ پاس بک کی اجرائی کی گئی لیکن موجودہ محکمہ فارسٹ عہدیداروں کی جانب سے کاشت نہ کرنے کی وارننگ دی جارہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو کافی نقصانات کے ساتھ ساتھ معاشی حالت بھی ٹھپ ہوچکی ہے ۔ ریاستی حکومت سے کسانوں اور بی جے پی کی جانب سے مطالبہ ہے کہ پٹہ پاس بک رکھنے والے کسانوں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ان کا حق ان کو دیا جائے ، اگر کسانوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو آنے والے دنوں میں بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
جدید کلکٹریٹ عمارت کا معائنہ
جگتیال : جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے جدید کلکٹریٹ عمارت کے افتتاح کیلئے جنگی پیمانے پر کاموں کو انجام دینے عہدیداروں کو تاکیدکی اور جدید اضلاع کے یوم تاسیس سے قبل تمام اہم دفاتر ایک مقام پر رکھنے کیلئے تعمیر کردہ جدید کلکٹریٹ عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ اس ماہ کی 19 تاریخ کو ریاستی چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں کلکٹریٹ اور دیگر عمارتوں کا افتتاحی پروگرامس کی توقع ہے ،اس لیے تیزی سے کام جاری ہے۔