کسانوں کے ساتھ حکومت کی آج اہم بات چیت

   

تعطل ختم کرنے کی حکمت عملی پرغور کیلئے نریندر سنگھ تومر اور راجناتھ سنگھ کی ملاقات
نئی دہلی : مرکز کی نریندر حکومت اور احتجاجی کسانوں کے درمیان کل /4 جنوری کو 7 ویں دور کی اہم بات چیت ہونے والی ہے ۔ اس بات چیت سے ایک دن قبل وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور اس تعطل کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیلئے تبادلہ خیال کیا ۔ حکومت کسانوں کے مسئلہ کو جلد سے جلد ختم کرنا چاہتی ہے ۔ بحران حل کرنے کی خاطر درمیانی راستہ تلاش کیا جارہا ہے ۔ تمام امکانی اختیارات پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ راجناتھ سنگھ اٹل بہاری واجپائی کی سابق کابینہ میں وزیر زراعت رہ چکے ہیں ۔ اب وہ اس مسئلہ پر بات چیت کرنے کیلئے اہم لیڈر بن کر سامنے آئے ہیں ۔ حکومت کے نمائندہ کے طور پر وہ مسئلہ کو سلجھانے کی کوشش کریں گے ۔ گزشتہ 39 دن سے احتجاجی کسان دہلی کی سڑکوں پر کیمپ کئے ہوئے ہیں ۔ کسانوں نے کہا کہ 3 کالے زرعی قوانین کو واپس لینے تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔