کسانوں کے لئے انوکھی اسکیم رعیتو بیمہ پرعمل آوری

   

حیدرآباد 3 مارچ (یو این آئی) زراعت کے شعبہ کے لئے دیگر اقدامات کے علاوہ حکومت تلنگانہ انوکھی اسکیم رعیتو بیمہ پر عمل کر رہی ہے جس کے ذریعہ ریاست کے کسانوں کی معاشی اور سماجی سلامتی کو یقینی بنایاجارہا ہے ۔اس طرح یہ اسکیم تلنگانہ کے کسانوں کیلئے مسکرانے کی ایک اور وجہ بن گئی ہے کیونکہ ریاستی حکومت نے کسانوں کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے رعیتو بیمہ (کسانوں کے بیمہ)کی اسکیم پر کامیابی کے ساتھ عمل کیاجارہا ہے ۔ ریاستی حکومت کسانوں کو ا س اسکیم کے ذریعہ راحت پہنچاتے ہوئے زراعت کی سرگرمیوں کو منافع بخش بنانا چاہتی ہے ۔رعیتو بیمہ اسکیم کو کامیاب بنانے کے لئے دیہاتوں کے مختلف حصوں میں بیداری پروگرام منعقد کئے گئے ۔ اس اسکیم رعیتو بیمہ کو کسانوں کے لئے ایک اور راحت سمجھا جار ہا ہے ۔ اس اسکیم میں 18برس کی عمر سے لے کر 59برس کی عمر تک کے کسانوں کا احاطہ کرتے ہوئے ہر کسان کے لئے پانچ لاکھ روپئے کا انشورنس کروایا جارہا ہے ۔اس طر ح ہر کسان کے لئے بیمہ کا پریمیم 2271روپئے ہے جو ریاستی حکومت ادا کررہی ہے ریاستی حکومت نے اس اسکیم کے لئے لائف انشورنس کارپوریشن (ایل آئی سی )کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔اس اسکیم کے پریمیم کی رقم کی طور پر تلنگانہ حکومت کسانوں کی طرف سے ایک ہزار کروڑ روپئے صرف کر رہی ہے ۔اس اسکیم کے تحت کسان کو اس کی موت پر اس کی جانب سے نامزد کردہ فرد کو کسان کی موت کے اندرون دس دن انشورنس کی رقم حاصل ہورہی ہے ۔اس اسکیم کا مقصد غریب کسانوں کی زندگیوں اور ان کے خاندانوں کا تحفظ ہے ۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت 58لاکھ زرعی کسانوں کیلئے ا س اسکیم کی پیشکش کر رہی ہے ۔