نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والے احتجاجی کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسان ملک کے اَن داتا اور ہندوستان کے بھاگیہ ودھاتا ہیں لہذا حکومت کو ان کے مطالبوں کو قبول کرنا چاہئے۔ راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’’ڈٹا ہے ، نڈر ہے ، ادھر ہے ، بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے کسانوں کی تحریک کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں ہزاروں کسان اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔کانگریس قائد نے کہا کہ ملک کا کسان اپنے مطالبے پر ثابت قدم ہے اور وہ احتجاج کرتے ہوئے کسی سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے کہا کہ کسان ملک کو اناج دینے والا اور بھاگیہ ودھاتا ہے ۔ اس ٹویٹ کے ذریعے انہوں نے مشتعل کسانوں کی ’مہا پنچایت‘کی حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ مظفر نگر میں کسان رہنما راکیش ٹکیت نے اتوار کومہا پنچایت بلایا تھا جس میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ اس مہا پنچایت میں ٹکیت نے کہا کہ جب تک کسانوں کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔