نئی دہلی: کسانوں کے ایک نمائندہ گروپ نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی سے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان سے پارلیمنٹ میں اپنے مسائل اٹھانے کی درخواست کی۔کانگریس ذرائع کے مطابق گاندھی سے ملاقات کے لئے آئے کسانوں کے وفد میں سنیکت کسان مورچہ کے لیڈران شامل تھے ۔ وفد میں ملک کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرنے والے 11 کسان لیڈروں نے کانگریس کے سابق صدر سے ملاقات کی۔گاندھی سے ملاقات کرنے والے کسان لیڈروں میں یوگیندر یادو، بلبیر سنگھ، سنیلم، درشن پال، ستیوان، حنان مولا، رنجن رام چندر شیر ساگر، پریم سنگھ گہلاوت، اویک ساہا، تجندر سنگھ، رامندر سنگھ شامل تھے ۔مودی حکومت نے اپنی دوسری میعاد کے دوران کسانوں کیلئے نقصاندہ تین متنازعہ قوانین منظور کئے تھے جس کے خلاف کسانوں نے مہینوں شدت سے احتجاج کیا تھا ۔ کئی کسانوں کی موت ہوئی اور بہت نقصان کے بعد وزیراعظم مودی کو آخرکار متنازعہ قوانین واپس لینا پڑا تھا۔