ویتنام۔ 22 جولائی (ایجنسیز) سمندر میں کشتی یا جہاز کے ڈوبنے پر زندہ بچنا اکثر ناممکن سمجھا جاتا ہے، مگر ویتنام سے ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 10 سالہ بچہ ایک ائیر پاکٹ (ہوا کا بند بلبلہ) میں پناہ لے کر کئی گھنٹے پانی کے اندر زندہ رہا۔یہ حادثہ 19 جولائی کو ویتنام کے مشہور سیاحتی مقام Ha Long Bay میں پیش آیا، جب ایک کشتی طوفان کی زد میں آکر الٹ گئی۔ اس کشتی میں جملہ 53 افراد سوار تھے، جن میں سے 35 ہلاک ہو چکے ہیں، 10 کو بچا لیا گیا اور 3 تاحال لاپتہ ہیں۔اس دل دہلا دینے والے حادثے کے چند گھنٹوں بعد امدادی ٹیموں نے ایک بچے کو پانی کے نیچے سے بحفاظت نکالا، جو کشتی کے اندر ایک ائیر پاکٹ میں چھپا ہوا تھا۔ حیرت انگیز طور پر بچہ مکمل طور پر محفوظ تھا، البتہ اس کی ذہنی حالت متاثر ہوئی ہے۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔